مکران کوسٹل ہائی وے پر حادثہ، باپ بیٹا جاں بحق ،ایک زخمی

منگل 29 مئی 2018 22:55

لسبیلہ۔29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) مکران کوسٹل ہائی وے پر حادثہ باپ بیٹا جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیاجنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے DHQ ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے صدر مقام سے 140 کلومیٹر دور مکران کوسٹل ہائی وے کے پہاڑی سلسلے بزء ٹاپ کے مقام پر گوادر سے کراچی جانے والا ٹرالر بے قابو ہوکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں شوکت علی ولد الہی بخش سکنہ آواران موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ عمران ولد خدا بخش سکنہ پنجگور اور نصراللہ ولد شوکت علی سکنہ آواران شدید زخمی ہوگئے جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کیا گیا جہاں نصراللہ ولد شوکت علی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ہسپتال میں زخمیوں کو لس بیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں اور ہسپتال کے عملے نے طبی امداد دی۔

(جاری ہے)

بزی ٹاپ پر اب تک درجنوں حادثات ہوچکے ہیں اس لیئے اس مقام کو خونی شاہراہ کا نام دیا گیا ہے۔ستم ظریفی کی بات تو یہ ہے کہ مکران کوسٹل ہائی پر آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں لیکن یہاں ایک بھی ابتدائی طبی مرکز نہیں ہیں زخمیوں کو جب سینکڑوں کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل لایا جاتا ہے تو اکثر زخمی زیادہ خون بہہ جانے کے نتیجے میں زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔عبدالستار ایدھی مرحوم نے ایک بار اوتھل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکران کوسٹل ہائی پر دو یا تین ایدھی مراکز بنائے جائیں گے۔لیکن زندگی نے ان سے وفا نہ کی اور ان کا خواب ادھورا رہ گیا۔