چین اور بھارت سماجی سلامتی بارے باضابطہ مذاکرات پر رضا مند

مفاہمت بیجنگ میں 28مئی سے دو روزہ بات چیت کے دوران طے پائی ،بھارتی سفارتخانہ

منگل 29 مئی 2018 23:02

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) بھارت اور چین دوطرفہ سماجی سلامتی کے معاہدہ بارے باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں ، ان مذاکرات کا مقصد بیرون ملک کام کرنے والے ہنر مند کارکنوں اورپیشہ ور افراد کا تحفظ کرنا ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ مفاہمت بیجنگ میں 28مئی سے دو روزہ بات چیت کے بعد طے پائی ہے ۔ اس کا اعلان گزشتہ روز یہاں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے کیا گیا ہے ۔

بات چیت کے دوران بھارتی وفد کی قیادت بھارتی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری ویناڈ کے جیکب نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت وزارت انسانی حقوق اور سوشل سیکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ماای ژو کر رہے تھے ۔ فریقین نے بھارت اور چین میں سوشل سیکیورٹی کے نظام پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں فریقین نے سماجی سیکورٹی معاہدہ طے کیا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں فریقین اس سلسلے میں تفصیلات اور دیگر امور پر بات چیت کریں گے جو اس معاہدے کے مذاکراتی مرحلے میں طے کی گئی ہیں تاہم توقع ہے کہ اس کا آئندہ مرحلہ اگلے سال شروع ہوگا۔ اس وقت تک بھارت18ملکوں کے ساتھ اس قسم کے معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے اور اب وہ کئی دیگر ممالک جن میں برازیل ، روس ، جنوبی افریقہ، میکسیکو، پیرو اور تھائی لینڈ شامل ہیں بات چیت کر رہا ہے ۔