کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ

منگل 29 مئی 2018 23:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنا اور عوام کی براہ راست سرکا ری افسران تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ وہ ورتیر درگئی میں کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدنعیم خان، اسسٹنٹ کمشنر درگئی کے علاوہ تحصیل ناظم درگئی عبدالرشید عرف بھٹو، مختلف محکموں کے ضلعی سربراہوں کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جبکہ عوام نے اس موقع پر محکموں خصوصاًً سوئی گیس اور واپڈا سے متعلق شکایات کے انبار لگادیئے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی سی مالاکنڈنے صوبائی چیف سیکریڑی کی خصوصی ہدایات کے تحت ورتیرمیں کھلی کچہری لگائی گئی جس میں عوام نے سوئی گیس ، واپڈا کی لوڈشیڈنگ ،محکمہ تعلیم ، منشیات فروشوں اور قصائیوں کی جانب سے غیر معیاری اور مہنگے داموں گوشت کی فروخت کے خلاف شکایات پیش کیں جس پر ڈی سی نے فوری حل کیلئے بعض محکموں کو موقع پرہی احکامات جاری کئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر درگئی کو ہدایت کی کہ وہ مہنگے داموں اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے قصائیوں کیخلاف کارروائی کریں اور اس کے علاوہ منشیات فروشوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرکے ان کا قلع قمع کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس طرح بازاروں میں با قاعدگی سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو چیک کرکے گرانفروش دکانداروں اور خودساختہ مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔اس موقع پر اپنے خطاب میںسلمان خان لودھی نے کہا ۔ کہ سرکاری حکام عوام کے خادم ہیںلہذا وہ پوری تندہی سے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں ۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ اس سلسلے میں غفلت کے مرتکب حکام کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات کی بجائے اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔