24جون کاجلسہ تاریخی ہوگا ، پوری قوم کی امیدیں متحدہ مجلس عمل سے وابستہ ہیں، صابرحسین

منگل 29 مئی 2018 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) صدر متحدہ مجلس پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم کی امیدیں متحدہ مجلس عمل سے وابستہ ہیں ،24جون کو پشاور میں متحدہ مجلس عمل کاجلسہ تاریخی ہوگا اور پشاو رکے اسلام پسند اس میں شرکت کر کے ثابت کریں گے کہ صوبے میں مستقبل دینی جماعتوں کا ہے، متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سیاسی گیم چینجر ثابت ہوگا ۔

ا یم ایم اے عام انتخابات میں سیکولر قوتوں کو شکست دے گی ،ہماری لڑائی جہالت ، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری سیاسی اخلاقی کرپشن کے خلاف ہے ۔ وہ این اے 28 میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ صابرحسین اعوان نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے نظام مصطفی نافذ کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک میں دینی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے سے طاغوتی اور سیکولر قوتوں پر لرزہ طاری ہے اور آئندہ انتخابات میں ان قوتوں کو عبرت ناک شکست دیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے قائدین اور کارکنان ایم ایم اے کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے کام کریں ۔انہوںنے کہا کہ 24 جو ن کو جلسہ ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ اور پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کاعزم رکھنے والوں کا جلسہ ہے جو ثابت کرے گا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بناتھا اور اسلام کے نام پر ہی قیامت تک قائم رہے گا ۔ سیکولر اور لبرل ازم کا پرچار کرنے والوں کے ہاتھ ہزیمت کے سوا کچھ نہیں آئے گا ۔