حافظ آباد پولیس کی کاروائی، بین الاضلاعی بلا گینگ کے 5ملزمان سمیت 10ڈکیت گرفتار

ملزمان سے بر آمد ہونے والے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موٹرسائیکل اور مویشی اصل مالکان کے حوالے کر دیئے

منگل 29 مئی 2018 23:14

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) حافظ آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں لوٹ مار کرنے والا بین الاضلاعی بلا گینگ کے 5ملزمان سمیت 10ڈکیت گرفتارکرکے ان سے بر آمد ہونے والے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موٹرسائیکل اور مویشی اصل مالکان کے حوالے کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جلالپوربھٹیاںسرفراز سیکھو اور ان کی ٹیم نے یونین کونسل رسولپورتارڑ کے چیئرمین چودھری محمد بخش تارڑ، معروف بزنس مین ملک نذیر کے گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی بلا گینگ کے سرغنہ صدیق عرف بلا سمیت 5ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان نے حافظ آباد کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی لوٹ مار کی تھی۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں محمد صدیق، محمد یٰسین، محمد صدیق، محمد یعقوب اور نذیر احمد شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان میں سے صدیق عرف بلا کا تعلق شیخوپورہ جبکہ باقی ملزمان کا تعلق فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے۔دوسری جانب ایس ایچ او سٹی حافظ آباد اعجاز احمد بٹ نے اپنی ٹیم کے ساتھ کاروائی کرتے ہوئے معروف تاجر رائے محمد طفیل کھرل کے گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈکیت گینگ کا سراغ لگا کر دو ملزمان حسین علی اور فخر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او ونیکی تارڑشاہد حسنین گوندل نے راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیرا شیخ گینگ کے سرغنہ شہریار عرف ہیرا اور محمد احسن کو گرفتار کر لیا ہے۔صدیق عرف بلا گینگ اور دیگر ملزمان سے 11لاکھ روپے نقدی، 35تولے طلائی زیورات، 6راس بھینس، 7موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹرسردارغیاث گل نے پریس کانفرنس کے دوران برآمدہ مال اصل مالکان کے حوالے کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع حافظ آباد میں حالیہ دنوں میں ہونے والے چند ڈکیتی کی وارداتوں کے باعث تشویش پائی جاتی تھی۔ جس پر ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹرسردار غیاث گل نے ایس ڈی پی او پنڈی بھٹیاں سرکل اختر علی وینس اور ایس ڈی پی او صدرسرکل میاں محمد توصیف کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے ڈکیتی کے وارداتوںمیں ملوث مختلف جرائم پیشہ گروہوں کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے لوٹا گیا مال برآمد کر لیا۔

متعلقہ عنوان :