ڈپٹی کمشنر سکھر کا شہری علاقوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

شاہراہوں اور ضروری مقامات پر بھی اسٹریٹ لائٹس لگادی جائیں تاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں ، نمازیوں اور شہریوں کو دشواری لاحق نہ ہو،غلام مرتضیٰ شیخ کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت

منگل 29 مئی 2018 23:14

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے میونسپل کمشنرسکھر میونسپل کارپوریشن پیرواحد بخش کے ہمراہ شہرکے بعض علاقوں خاص طورپر ملٹری روڈ کا دورہ کیا ،ٹیکسیشن آفیسرخالدجتوئی،چیف آ فیسر HQ آصف علی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈ پٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے دورے کے دوران بلدیہ افسران کو اسٹریٹ لائٹس ہر سٹرک ، راستوں ، گلیوں ، بازاروں میں بلاتاخیر لگانے کی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ شاہراہوں اور ضروری مقامات پر بھی اسٹریٹ لائٹس لگادی جائیں تاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں ، نمازیوں اور شہریوں کو دشواری لاحق نہ ہو، ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے، شہر سے ملبے کے ڈھیر اور کچرا لازمی ٹھکانے لگانے، کچرا کنڈیوں کو صاف رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام پوائنٹس کو کلیئر رکھا جائے ، شہر کے ہر علاقہ میں صفائی لازمی کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے ، اہم شاہراہوں ، اہم مقامات اور ہر یونین کمیٹی کی نالیوں کی صفائی بھی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے، اوور فلو کی شکایات کا بلاتاخیر ازالہ کیا جائے خاص طور پر مساجد، عبادات کے مقامات ، بازاروں اور سڑکوں پر اوور فلو کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر سکھر نے سڑکوں و فٹ پاتھ کے کناروں پر جمع ہوجانے والی مٹی کی صفائی کی سختی سے تاکید کی تاکہ ٹریفک سے مٹی اڑنے سے شہریوں کو دشواری لاحق نہ ہو، ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی اور چیف آفیسر HQ نے اپنے محکمہ سے متعلق بریفنگ دی، دریں اثناء میونسپل کمشنر نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر طارق چوہان کو ڈپٹی کمشنر کے دورے سے متعلق تفصیلات و اقدامات سے آگاہ کیا، میئر سکھر نے میونسپل کمشنر کو ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر سکھر کی ہدایات پر عمل کو یقینی بنایا جائے جو کہ بلدیہ افسران اور ملازمین کی ذمہ داری ہے ، میونسپل کمشنر پیر واحد بخش نے میئر سکھر کی ہدایت پر یو سی چیئرمین ذوالفقار قریشی کے ہمراہ ان کی یوسی کا متعلقہ افسران کے ہمراہ دورہ کیا، کراس کی فوری تبدیلی و مرمت، دانشگاہ قبرستان سے ناجائزہ تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی ستھرائی کے معاملات بہتر بنانے اور ان سے تعاون کی ہدایت کی میونسپل کمشنر روزانہ کی بنیاد پر مختلف یونین کونسلوں کا متعلقہ افسران کے ہمراہ دورہ کریں گے اور صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کے علاوہ میئر سکھر و ڈپٹی کمشنر سکھر کی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں گے۔