انگلینڈ کیخلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ ،جارحانہ اوپننگ بلے باز فخر زمان کے ڈیبیو کا امکان

بابر اعظم کی انجری کی وجہ سے فخر زمان کو موقع دیا جائے گا، فخر زمان پاکستان کے 232ویں ٹیسٹ کرکٹر ہوں گے

منگل 29 مئی 2018 23:18

انگلینڈ کیخلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ ،جارحانہ اوپننگ بلے باز فخر زمان کے ڈیبیو ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان ٹیم کے رکن بابر اعظم بائیں کلائی میں فریکچر کے سبب وطن روانہ ہو چکے ہیں اور دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ نے متبادل کھلاڑی کے معاملے میں سلیکشن کمیٹی پر واضع کیا ہے کہ انھیں متبادل کھلاڑی کی کوئی ضرورت نہیں۔ادھر لندن سے لیڈز جانے والی قومی ٹیم کے کیمپ سے خبر ہے کہ فخر زمان کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں، اگر ایسا ہوا تو 13ون ڈے اور 15ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے مردان کے 28سال کے فخر زمان پاکستان کے 232ویں ٹیسٹ کرکٹر ہوں گے۔

ملتان میں 2013 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کر نے والے فخر 37 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 41.91 کی اوسط سے 2389 رنز 6 سنچریوں کی مدد سے بنا چکے ہیں۔دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے فخر زمان کو چوتھے اوپنر کی حیثیت سے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا، تاہم بابر اعظم کے ان فٹ ہونے پر ان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے بائیں ہاتھ کے بیٹس مین کون سے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں اہم سوال ہے۔

(جاری ہے)

امام الحق اور اظہر علی بطور اوپنرز کھیل رہے ہیں جب کہ آخری 2 ٹیسٹ میچوں میں حارث سہیل کو نمبر تین پر کھلانے کا تجربہ ہوا ہے، انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم نمبر پانچ پر کھیلے تھے لہذا سیدھا مطلب تو یہی ہے کہ فخر زمان نمبر پانچ پر کھیلیں گے۔دوسری جانب لاہور سے تعلق رکھنے والے عثمان صلاح الدین ایک مرتبہ پھر بغیر کھیلے پاکستان چلے جائیں گے۔99 فرسٹ کلاس میچوں میں 6329 رنز بنانے والے عثمان صلاح الدین کی قومی ٹیم کے ساتھ یہ چوتھی سیریز ہوگی جس میں وہ بنا کھیلے ہی گھر چلے جائیں گے۔