الیکشن کمیشن نے بھرتیوں پر پابندی کے باوجود چیئر مین پیمرا کی تعیناتی پر وزارت اطلاعات و نشریات سے وضاحت طلب کرلی

منگل 29 مئی 2018 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) الیکشن کمیشن نے بھرتیوں پر پابندی کے باوجود چیئر مین پیمرا کی تعیناتی پر وزارت اطلاعات و نشریات سے وضاحت طلب کرلی۔منگل کو ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018کو شفاف اور تمام سٹیک ہولڈرزکو یکساں مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے یکم اپریل 2018سے سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کی اس حوالے سے حکومت کی جانب سے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کے حوالے سے اجازت طلب کی گئی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کی انتہائی اہم نوعیت کی تعیناتی کے حوالے سے اس موقع پر جبکہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی ہو چکا ہے اور چیئرمین پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا پر تمام جماعتوں کو یکساں کوریج دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت کی درخواست کو قبول نہیں کیا اور یہ ہدایات کی گئی کہ چیئرمین پیمرا کی تعیناتی الیکشن کمیشن سے بھرتی پر عائد پابندی ختم کرنے کے بعد لائی جائے۔اس ضمن میں میڈیا رپورٹس سے یہ بات علم میں آئی ہے کہ حکومت کی جانب سے چیئر مین پیمرا کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ،اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے وزارت اطلاعات و نشریات سے وضاحت طلب کرلی ہے۔