کے الیکٹرک کی بجلی چوری کے خلاف مہم- لانڈھی بابر مارکیٹ میں بھرپورکارروائی

منگل 29 مئی 2018 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) کے الیکٹرک نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے لانڈھی، بابر مارکیٹ میں کنڈوں کیخلاف مہم کا انعقاد کیا۔بابر مارکیٹ میں مہم کے دوران تقریباً10دکانوں کے غیر قانونی کنکشنزمنقطع کرکے 240میٹر سے زائد کیبل ضبط کرلیا گیا۔یہ بات واضح رہے کہ یہ مہم مارکیٹ ایسو سی ایشن کے اراکین کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی ۔

بعض صارفین کو بجلی منقطع ہونے سے بچنے کیلئے موقع پر ہی ان کے بلوں پر رعایت اور ادائیگیوںکی سہولت فراہم کی گئی۔بجلی چوری کیخلاف مہم سے قبل ، کے الیکٹرک نے علاقے میں 18پی ایم ٹیز کو ایریل بنڈلڈ کیبلنگ سسٹم پر منتقل کرکے پاور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا ہے۔ اے بی سی سسٹم کی تنصیب اور بجلی چوری کی روک تھام سے مارکیٹ میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

بابر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے فنانس سیکریٹری، محمد امین کے مطابق ،’’ کاروباری گھنٹوں کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی نے ہمارے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے۔بجلی چوری کے خاتمے کیلئے ہم کے الیکٹرک کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔‘‘بجلی کی چوری روکنے کے لئے، کے الیکٹرک کی مسلسل کاوشوں اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوںکے نتیجے میں ، پاور یوٹیلیٹی 2009 سے اب تک ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے شعبوں میں ہونے والے نقصانات میں تقریباً 14 فیصد کمی لائی ہے ۔

اس موقع پر کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ؛ بجلی کے نظام میں خرابیاں پیدا ہونے کی سب سے بڑی وجہ بجلی کی چوری ہے، جو کہ پوری کمیونٹی کے لئے شدید مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ پاور یوٹیلٹی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور بجلی چوری کی روک تھام میں مدد کرنے کیلئے کمیونٹی کے تعاون کو سراہتی ہے۔کسی بھی علاقے میں بجلی چوری ہوتے دیکھیں تو فوری طور پر 118 یا 021-99000پر کال کر کے شکایت درج کروائیں۔ ایسی شکایات کے الیکٹرک کے فیس بُک یا ٹویٹر پیج کے ذریعے بھی بھیجی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ [email protected] پررابطہ کر کے، اپنا نام بتائے بغیر بھی بجلی کی شکایات متعلقہ عملہ تک پہنچائی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :