1مئی کوواٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا عوام کا ترجمان ثابت ہو گا،رہنما جماعت اسلامی

واٹر بورڈ کی انتظامیہ اور حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ شہریوں کے ساتھ اپنا رویہ درست کریں،مشترکہ بیان

منگل مئی 23:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امراء اضلاع نے کراچی میں پانی کی شدید قلت اور حکومت اور واٹر بورڈ کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور مجرمانہ غفلت و لا پرواہی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے جمعرات 31مئی کو واٹر بورڈ کے ایم ڈی کے آفس شاہراہ فیصل کارسازپر احتجاجی دھرنے کو بروقت اور انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا عوام کا ترجمان ثابت ہو گا ۔

پانی کے مسئلے کے لیے زبردست احتجاج کیا جائے گا اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ اور حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ شہریوں کے ساتھ اپنا رویہ درست کریں ۔ جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان ، ضلع شرقی کے امیر یو نس بارائی ، ضلع غر بی کے امیر عبد الرزاق خان ، ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید اور ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور ڈھائی کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کے مکینوں کو پانی سے محروم کر نا سراسر ظلم و زیادتی اور نا انصافی ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے اور جس طرح کے الیکٹرک کے خلاف بھر پور احتجاج کیا اور عوام کی ترجمانی کی اسی طرح واٹر بورڈ کے خلاف بھی مؤثر احتجاج کیا جائے گا ۔ احتجاجی دھر نے میں شہر بھر سے پانی سے محروم عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ ہم کراچی کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ جہاں جہاں پانی کا مسئلہ ہے اور عوام احتجاج کر رہے ہیں وہ سب مل کر ایک دن اور ایک جگہ بھر پور احتجاج کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور پانی کی چوری میں واٹر بورڈ کے اعلی حکام اور اہلکارملوث ہیں ،ان کی اور ٹینکرز مافیا کی ملی بھگت کے باعث ہی عام شہری پانی سے محروم ہیں اور شہر کے بعض علاقے تو ایسے ہیں جہاں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، بہت سے علاقوں میں کئی کئی مہینوں سے پانی نہیں آرہا ہے ،واٹر بورڈ کی لائنوں میں تو پانی نہیں آتا لیکن ٹینکرز کے ذریعے مہنگے داموں پانی مل جاتا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پانی کی قلت کے خلاف لیاری ، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، ملیر ، اورنگی ٹائون ، ڈیفنس اور دیگر علاقوں کے عوام مسلسل کئی دنوں سے احتجاج کررہے ہیں جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی جگہ جگہ عوام سراپا احتجاج ہیں اور پانی پانی کی صدائیں بلند کررہے ہیں ۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اگر حکومت اور واٹر بورڈ نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں کیے تو شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہوسکتی ہے ،اس لیے ہم واٹر بورڈ کے ایم ڈی کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور پانی کا مسئلہ حل کریں ،ہمارا احتجاج او ردھرنا پرامن ہوگا اور ہم شہر کراچی کے عوام کا مقدمہ لے کر جارہے ہیں ۔#