ٹھٹھہ،ٹھٹھہ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف شہریوں کا احتجاج

منگل 29 مئی 2018 23:32

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) ٹھٹھہ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف شہریوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف شہریوں اور کچی آبادی کے مکینوں نے پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر احتجاج کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے تھے جن پر پانی کی فراہمی کے مطالبات درج تھے اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ گذشتہ کئی ماہ سے ٹھٹھہ پانی کے مصنوعی بحران کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں انتظامیہ کی جانب سے پانی کی بروقت ذخیرہ اندوزی نہ کرنے کے باعث بلدیہ ٹھٹھہ کے درجنوں تالاب سوکھے پڑے ہیں واٹر سپلائی سسٹم کے ذریعہ پانی کی فراہمی بند ہوگئی ہے، گھروں اور مساجد میں پانی ناپید ہوگیا ہے جس باعث عوام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزے کی حالت میں پانی کے لیے دربدر ہو رہے ہیں، اور انہیں مجبوراً گدھا گاڑی والوں سے پینے کے لیے پانی کے کین خریدنے پڑ رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کا مصنوعی بحران فوری طور پر ختم کرکے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

#