بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، ثقافتی نمائش میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء کیلئے تقریب تقسیم انعامات منعقد

منگل 29 مئی 2018 23:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے دفتر مشیر طلباء کے زیر اہتمام 27ویں ہفتہ ثقافت کے انعقاد کے دوران جملہ کمیٹیوں و عہدیداروں کی خدمات کے اعتراف اور ثقافتی نمائش میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء کیلئے تقریب تشکر و تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کی صدارت صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریوش نے کی۔

اس موقع پر مقابلہ حفظ، قرأت، حدیث، بین الاقوامی ثقافتی نمائش اور کلیات کی جانب سے لگائے گئے نمائشی سٹالز میں نمایاں حیثیت حاصل کرنے والوں کو انعام اور شیلڈ دی گئیں۔بین الاقوامی ثقافتی نمائش میں اول پوزیشن افغانستان سے تعلق رکھنے والے نصیر اور اس کی ساتھیوں، دوسری پوزیشن چین سے تعلق رکھنے والے فہد اور اس کے ساتھیوں اور تیسری پوزیشن انڈونیشااور تھائی لینڈ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔

(جاری ہے)

کلیات میں پہلی اور دوسری پوزیشن بالترتیب فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسزاور فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے حاصل کی۔ صدر جامعہ نے اس موقع پر منتظمین کی خدمات اور کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب پروگرام کے انعقاد سے جامعہ کا نام روشن ہوا ہے کیونکہ کئی ممالک کے سفراء اور دیگر ملکی وفود نے یونیورسٹی میں پاکستان ، سمیت دنیاکے کئی ممالک کے ثقافتی کردار کو دیکھ کر بہت خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ آئندہ اس پروگرام کو مزید بہتر کرے گا۔ صدر جامعہ نے کہا کہ طلبہ و طالبات ہمارے پاس امانت ہیں ،ان کی تعلیم و تربیت اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ بچوں کو شیطانی وسوسوں اور عصر حاضر کی خرافات سے بچانے کیلئے محبت اور شفقت کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں میں لگائے رکھنا چاہئے کیونکہ یہ طالب علم مستقبل میں ہمارے ملک اور ملت اسلامیہ کے معمار ہوں گے۔

انہوں نے طلباء کو اساتذہ کا احترام کرنے کی تلقین کی۔ قبل ازیں ہفتہ ثقافت کے چیف کوآرڈینیٹر اور اسٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکتر طارق جاوید نے ہفتہ ثقافت کے انعقاد میں معاونت ، مدد اور تعاون کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا اور ہفتہ ثقافت میں ہونے والے تمام پروگراموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں انتظامیہ، اساتذہ، ٹرانسپورٹ، سیکورٹی، پروٹوکول، قائمہ کمیٹیوں اور طلباء انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے دن رات کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔