جدید تقاضوں کے مطابق فورس کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے،آئی جی پنجاب

منگل 29 مئی 2018 23:43

جدید تقاضوں کے مطابق فورس کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے،آئی ..
لاہور۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ جدیدچیلنجز کا سامنا کرنے اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق فورس کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لا کر اقدامات کئے جائیں اور زیر تربیت اہلکاروں کی ذہنی و جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ وہ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوںسے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط اور بہتر بنا سکیں ، انہوں نے کہا کہ بحیثیت کمانڈر پنجاب پولیس فورس کی بہترین ویلفیئراور اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے بہترین اقدامات کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے جامع حکمت عملی اور سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق نئے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ اور آر پی او شیخوپورہ ریجن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ایدیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین ، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ فیاض احمد دیواور ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب سہیل اختر سکھیرا سمیت دیگر افسران موجود تھے ،پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب کو سلامی پیش کی جس کے بعد آئی جی نے نئے تعمیر شدہ آڈیٹوریم، فوڈ کورٹ اوراصطبل کا افتتاح کیا، جدید سہولیات سے مزین آڈیٹوریم 700افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ پنجاب پولیس کا سب سے بڑا آڈیٹوریم ہے، اس آڈیٹوریم میں زیر تربیت اہلکاروں کیلئے مختلف تربیتی نشستوں سمیت دیگر تقریبات منعقد کی جا سکیں گی، اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج فیاض احمد دیو نے آئی جی پنجاب کو ٹریننگ کالج میںگذشتہ تین برسوں میں ہونے والی اصلاحات اور دیگر پراجیکٹس کے متعلق بریفنگ دی ،آئی جی پنجاب نے نئی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیر تربیت اہلکاروں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق رہائش،خوراک اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کے نئے منصوبہ جات شروع کئے جائیں، انہوں نے ٹریننگ کالج میں مختلف نئے منصوبوں کی تکمیل کیلئے دس لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ان پیسوں کو جس منصوبہ کیلئے مناسب سمجھیں خرچ کر سکتے ہیں، انہوں نے تقریب میں تلاوت اور نعت خوانی کی سعادت حاصل کرنے والے ڈولفن فورس کے جوانوں کیلئے دس ،دس ہزار روپے انعامات کا بھی اعلان کیا،آئی جی پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اہلکاروں کی ذہنی استعداد کار بڑھانے کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا ئے تاکہ وہ اپنی تربیت کا دورانیہ بہترین انداز میں مکمل کر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی عملی ذمہ داری نبھانے کیلئے موثر کردار ادا کرسکیں،آئی جی پنجاب نے آرپی او شیخوپورہ ریجن کے نئے دفتر کی عمارت کا افتتاح بھی کیا ،آر پی او آفس آمد پر ڈی آئی جی ذوالفقار حمید، ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک ، ڈی پی او ننکانہ صاحبزادہ بلال عمر سمیت دیگر سینئر افسران نے آئی جی کا استقبال کیا ،آر پی او شیخوپورہ ذوالفقار حمید نے آئی جی پنجا ب کو نئی تعمیر شدہ عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کروانے کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریجن میں مرکزی مقام پر واقع ہونے کی وجہ سے تینوں اضلاع کے عوام با آسانی اپنے مسائل کے حل کیلئے آر پی او سے رابطہ کر سکیں گے، نئی تعمیر شدہ عمارت میں آر پی او آفس ، ایس پی آر آئی بی آفس ، کانفرنس روم ، کنٹرول روم اور آفیسر ز لائونج سمیت تمام ایگزیکٹو برانچز کے دفاتر شامل ہیں اور اس کی تعمیر کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے ، آر پی او شیخوپورہ نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں عمارت کی تیسری منزل پر مسجد ، بیرکس سمیت چند دیگر اہم دفاتر بھی تعمیر کئے جائیں گے ، آئی جی پنجا ب نے آر پی او شیخوپورہ ریجن ذوالفقارحمید کوعمارت کی تعمیر کو ریکارڈ مدت میں یقینی بنانے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جس توجہ اور لگن کے ساتھ انہوں نے عمارت کو مکمل کروایاہے اسی جذبے اورلگن کے ساتھ وہ عوامی خدمت کو بھی یقینی بنائیں، انہوں نے تعمیر کو ریکارڈ مدت میںمکمل کروانے پر متعلقہ افسران اور سٹاف کو یادگاری شیلڈزسے بھی نوازا۔