صحت خدمت ایوارڈ کی نامزدگی کیلئے افسران وسٹاف کی کارکردگی میرٹ کے مطابق چیک کی جائے ، ڈویژنل کمشنر

منگل مئی 23:45

فیصل آباد۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں صحت خدمت ایوارڈ کی نامزدگی کیلئے افسران،ڈاکٹرزوسٹاف کی کارکردگی مقررہ شرائط اورمیرٹ کے مطابق چیک کی جائے تاکہ عمدہ کارکردگی کے حامل ہی کیش ایوارڈ حاصل کرسکیں۔یہ بات ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق نے ڈویژنل سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں پرائمری اورسیکنڈری ہیلتھ کیئر کی مختلف کیٹگریز کے تحت محکمہ صحت کے افسران اور ہسپتالوں کے ڈاکٹرزوسٹاک کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹس کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران صحت خدمت ایوارڈ کے لئے منتخب ہونے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز،نرسزاوردیگر سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری،،ریکارڈ کی دیکھ بھال،چیک کئے گئے مریضوں کی تعداد ودیگر شرائط پر پورا اترنے اور ڈویژن سطح پر مقابلہ میں نمبرز کا تفصیلی مشاہدہ کیا گیا۔

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن نے کہا کہ محنت اور جانفشانی سے خدمات انجام دینے والوں کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے جبکہ محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف اس صحت مند مقابلے میں ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے اپنے فرائض اورخدمات کے معیار میں اضافہ کریں جس سے نہ صرف سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی بلکہ انہیں محنت کا صلہ بھی ملے گا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر میں7اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں 8مختلف کیٹگریز کے تحت ڈاکٹر وسٹاف اورمحکمہ کے افسران کی کارکردگی رپورٹ مرتب کی جاتی ہے۔