ڈپٹی کمشنرملتان کاشہریوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے رمضان بازاروں کا دورہ

منگل 29 مئی 2018 23:46

ملتان۔ 29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان نے گزشتہ روز شہریوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور اشیاء خوردنوش کی سستے داموں فراہمی کا جائزہ لیا ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا بھی انکے ہمراہ تھے ،ڈپٹی کمشنر نے آٹے اور چینی کے سٹالز پر خریداروںسے ملاقات کی اور مسائل دریافت کیے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرزاہد سہیل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ضلع میں 12رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جن میں آٹا ،چینی دالاور بیسن سمیت مختلف اشیاء خوردنوش پر فی کلو کے حساب سے سبسڈی دی گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سیکورٹی ،خواتین کائونٹر ،پارکنگ اور انتطارگاہوں کا موثر انتظام کیا گیا ہے تاکہ روزہ داروں کو سخت گرمی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

تمام بازاروں میں مٹن اور چکن کے سٹال بھی لگائے گئے ہیں تاکہ ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات خریداروں کو حاصل ہوسکیں ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیا ء خوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے مکمل کوشاں ہے۔سبزی منڈی و فروٹ منڈی سے براہ راست رمضان بازاروں میں سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ماہ صیام کی نعمتوں سے عام آدمی بھی مستفید ہوسکے اس موقع پر آصف رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایگریکلچر مارکیٹنگ کی جانب سے ہر رمضان بازار میں ایگریکلچر فئیر پرائس شاپ قائم کی گئیں ہیں جو مکمل طور پر فعال ہیں۔