عام انتخابات کا بروقت انعقاد ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کو یقینی بنائے گا، شائستہ پرویز ملک

منگل 29 مئی 2018 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا بروقت انعقاد ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کو یقینی بنائے گا۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ لوگ ملک بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے حق میں ووٹ دینے کا اپنا حق استعمال کریں گے جنہوں نے پورے ملک میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور توانائی اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت کئی مسائل کو حل کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف ایک حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے ان کے ووٹ بنک کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت کے ووٹ بنک کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی شعبے کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے جبکہ توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کئی منصوبوں پر کام بھی جاری ہے۔

بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ٹرانسمیشن لائنوں کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو بجلی کی تھوڑی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اقامے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بلکہ لوگوں کو اپنے حلقوں میں ہونے والی تعمیروترقی اور خوشحالی سے واسطہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندے ملک بھر میں اپنے اپنے حلقوں میں تعمیروترقی کا یہ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی روز بروز بڑھتی ہوئی مقبولیت کا سہرا ہماری قیادت کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی دلچسپی کے پروگراموں پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہمیشہ اتفاق رائے کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی جیسے بڑے شہر کے امن کو بحال کیا اور ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے علاوہ توانائی بحران کو بھی حل کیا ہے۔