پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف آج بھی عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں‘لوگ اپنے محبوب قائد کے بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

منگل 29 مئی 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف آج بھی عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور لوگ اپنے محبوب قائد کے بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی عوام تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم محمد نواز شریف کے پیچھے کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت کے فیصلے کے مطابق ہماری جماعت کے صدر محمد شہباز شریف آئندہ عام انتخابات میں ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملک کے ایک معزز شخص ہیں جنہوں نے ملکی معاملات کو بہت بہتر طریقے سے چلایا ہے۔ صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ قومی اور حساس معاملات پر قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک متحد موقف اختیار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تمام قیادت نے ہمیشہ پاکستانی مسلح افواج کی تعریف کی جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔