لاہور ،پولیس ملازمین کے بچوں کے لئے تعلیمی اسکالر شپ کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے،کیپٹن (ر)امین وینس

پولیس کا ہر اہلکار اور افسر شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنا فرض ادا کرنے کا جذبہ رکھتا ہے،سی سی پی او لاہور

منگل 29 مئی 2018 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)امین وینس نے کہا ہے لاہور پولیس کے ملازمین کے بچوں کے لئے تعلیمی اسکالر شپ کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے لاہور پولیس کی جانب سے متعدد تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ویلفئر کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جاتے رہیں گے اور پولیس اہلکاروں کے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے ان کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کا سفر جاری و ساری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کا ہر اہلکار اور افسر شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنا فرض ادا کرنے کا جذبہ رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ رمضان میں سخت گرمی کے باوجود پولیس اہلکار وں کے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے میری کوشش ہے کہ حاضر سروس پولیس اہلکاروں اور افسران کے ساتھ ساتھ ریٹائر ملازمین اور خصوصا شہدا کے خاندانوں کے مسائل ہر ممکن حد تک حل کروںاسی لئے ان کے علاج معالجے سے لے کر تعلیمی ضروریات تک ہر حوالے سے پولیس ویلفئر کے مختلف پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے اور متعدد ویلفیئر پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر آف فنانشل ایکسی لینس گروپ آف کالجز کے وفد سے سی سی پی او آفس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم اور سی ایف ای گروپ آف کالجز کے جنرل مینجر واجد شفیع کے درمیان لاہور پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی اسکالر شپس کے حوالے سے ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ۔ اس معاہدے کے مطابق سی ایف ای گروپ آف کالجز کی جانب سے لاہور پولیس شہدا کے تمام بچوں کو 100 فیصد اسکالر شپ فراہم کئے جائیں گے اور شہدا کے بچوں سے ٹیوشن فیس یا دیگر اخراجات کی مد میں بھی کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی ۔

اسی طرح ریٹائرڈ اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو بھی سپیشل اسکالر شپ دیا جائے گا اور ان کے بچوں کوکسی قسم کی ٹیوشن فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی جبکہ مختلف کورسز میں بھی 60 سی65 فیصد تک اسکالر شپ دیا جائے گا جس کے بعد ان کو صرف 35 سی40 فیصد فیس ادا کرنی ہو گی،اس معاہدے کے مطابق یہ فیس بھی یکمشت ادا کرنے کی بجائے چھ اقساط میں ادا کی جا سکے گی ۔

ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے لاہور پولیس کی جانب سے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سی ایف ای گروپ آف کالجز کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لئے پولیس اہلکاروں اور افسران کو انتہائی سخت اور طویل ڈیوٹی سر انجام دینی پڑتی ہے جس کی وجہ سے ہم اکثر اپنی فیملی کوبھی وقت نہیں دے پاتے ۔ پولیس سروس ہمارے لئے ملازمت سے زیادہ ایک مقدس مشن ہے لہذا محدود تنخواہ، کم وسائل اور سخت ڈیوٹی کے باوجود پولیس اہلکار وں کا مورال بلند ہے اس کے باوجود یہ درست ہے کہ ان حالات میں پولیس ملازمین کو سب سے زیادہ فکر اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کی ہوتی ہے ۔

سی ایف ای گروپ آف کالجز کیساتھ اس معاہدے کے بعد محدود وسائل کے حامل پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی پریشانی کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس کی جانب سے خاص طور پر پولیس ویلفئر کے پراجیکٹس میں دلچسپی اور ان پراجیکٹس کی سخت نگرانی کی وجہ سے لاہور پولیس کے متعدد مسائل حل ہو چکے ہیں ۔ سی سی پی او لاہور نے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے پولیس فورس کے مسائل حل کرنا اسی طرح میرے فرائض میں شامل ہے جس طرح خاندان کے سربراہ کی ذمہ داری ہوتی ہے لہذا پولیس اہلکاروں کے مسائل حل کر کے مجھے ویسی ہی خوشی ہوتی ہے جیسے اپنے بچوں کے مسائل ختم ہوتے دیکھ کر والدین کو ہوتی ہے ۔

انہوں نے سی ایف ای گروپ آف کالجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی پولیس فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے ایسے تعلیمی معاہدے کئے جائیں گے جن کی بدولت اہلکاروں کی اپنے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے پریشانی ختم ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ جب شہریوں کی جانب سے پولیس فورس کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے تو نہ صرف فورس کا مورال بلند ہوتا ہے بلکہ کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔