سکھر میں بیٹوں کی جانب کچرے پر پھینکے جانے والی ضعیف خاتون تیزی سے روبہ صحت

بحریہ اولڈ ایج ہوم میں سکھر سے لائی جانے والی بوڑھی خاتون کی بھرپور طریقے سے خدمت کی جارہی ہے،خاتون تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور 2 دن سے کھا پی بھی رہی ہیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 30 مئی 2018 00:18

سکھر میں بیٹوں کی جانب کچرے پر پھینکے جانے والی ضعیف خاتون تیزی سے روبہ ..
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 30مئی 2018ء) :سکھر میں بیٹوں کی جانب کچرے پر پھینکے جانے والی ضعیف خاتون تیزی سے روبہ صحت ہیں۔ملک ریاض کی ہدایت پر بحریہ اولڈ ایج ہوم میں سکھر سے لائی جانے والی بوڑھی خاتون کی بھرپور طریقے سے خدمت کی جارہی ہے۔خاتون تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور 2 دن سے کھا پی بھی رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ماں باپ سے بڑھ کر کوئی رشتہ بھی انسان کو عزیز نہیں ہو سکتا ۔

ماں باپ اپنے خون جگر سے ایک عرصہ اپنے بچوں کی پرورش اور نشو ونماکرتے ہیں اور ان سے امید کرتے ہیں کہ جب ماں باپ عمر کے اس حصے میں پہنچ جائیں کہ جب انکی توانائیاں جواب دے دیں تو انکے بچے ہی انکا سہارا بنیں اور وہ تمام خوشیاں جو انہوں نے انکی پرورش کے لیے گنوا دی تھیں ،انکے بچے انکو وہی خوشیاں لوٹا دیں ۔

(جاری ہے)

مگر عصر حاضر میں جس بد ترین طریقے سے ہمارا خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے اسکی مثال نہیں ملتی۔

زندگی کی تیز رفتاری میں بھاگتا ہوا انسان اپنے رشتوں کو کیسے پیچھے چھوڑ دیتا ہے شائد اسے بھی اندازہ نہیں ہوتا۔وہی والدین جنکی عرق ریزیوں نے اولاد کو ایک مخصوص مقام پر پہنچایا ہوتا ہے انکی موجودگی اسی اولاد کو بری لگنے لگتی ہے اور وہ ماں باپ سے پیچھا چھڑوا کر بھاگتے ہیں۔ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ کچھ روز قبل سندھ کے شہر سکھر میں پیش آیا جہاں بیٹوں نے ماں کو کچرے میں پھینک دیا۔

معذور اور بے سہارا عورت کئی گھنٹے کچرے کے ڈھیر پر پڑی رہی ۔جس کے بعد اہل علاقہ نے اس غریب خاتون کو اسپتال منتقل کیا ۔بعد ازان بحریہ فاونڈیشن کے سربراہ ملک ریاض نے اس خاتو ن کا مکمل علاج کروانے کی حامی بھری۔جس کے بعد انہیں سکھر سے بحریہ کے اولڈ ایج ہوم منتقل کردیا گیا۔ملک ریاض کی ہدایت پر بحریہ اولڈ ایج ہوم میں سکھر سے لائی جانے والی بوڑھی خاتون کی بھرپور طریقے سے خدمت کی جارہی ہے۔
خاتون تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور 2 دن سے کھا پی بھی رہی ہیں۔کھانا کھاتے ہوئے انکی تصویر بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے۔