پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ (کل) شروع ہوگا

گرین شرٹس کو میزبان ٹیم کے خلاف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، پاکستان ٹیم لیڈز پہنچ گئی، پریکٹس میں مصروف

بدھ 30 مئی 2018 09:30

لیڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری میچ (کل) جمعہ سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم لیڈز پہنچ چکی ہے اور پریکٹس سیشن میں مصروف ہے، دوسرے میچ میں فخر زمان کے ڈیبیو کا امکان ہے، پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم کا مورال بلند ہے اور ٹیم دوسرے اور آخری میچ میں بھی کامیابی کے لئے پرعزم ہے۔

پاکستان نے میزبان ٹیم کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے ۔ اس سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ پاکستان کی ٹیم نے 5 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم جون سے 5 جون تک لیڈز میں کھیلا جائیگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائیگی جس کا پہلا میچ 12 جون کو کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹی 20 کرکٹ میچ 13 جون کو کھیلاجائیگا۔ ٹی 20 سیریز کے دونوں میچز ایڈن برگ کے مقام پر کھیلے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :