مہمند ڈیم کے لئے زمین کی خریداری اگست میں شروع کردی جائے گی، منصوبہ کی تکمیل سے 17 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ سیراب ، 800 میگا واٹ سستی بجلی پیداہوگی، واپڈا حکام

بدھ 30 مئی 2018 10:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے اخراجات کا ابتدائی تخمینہ 938 ملین روپے ہے جس کی تکمیل سے 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے میں مدد ملے گی۔ وائر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے حکام نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کے لئے زمین کی خریداری کا کام رواں سال اگست میں شروع کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کا یہ منصوبہ 8 ہزار کنال پر تعمیر کیا جائے گا جس سے چار سدہ ‘ نوشہرہ اور پشاور کے اضلاع کو سیلاب سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ اس کے علاوہ منصوبہ کی تکمیل سے 17 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ کو سیراب کرنے کے لئے پانی کی دستیابی کے علاوہ 800 میگا واٹ سستی بجلی بھی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ سیلاب کے نقصان کے خاتمہ ‘ آبپاشی کے لئے پانی کی دستیابی اور آبی وسائل سے سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔