محمد حفیظ کے لیے ایک اور بری خبر آگئی

باﺅلنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں

بدھ 30 مئی 2018 10:57

محمد حفیظ کے لیے ایک اور بری خبر آگئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مئی 2018 ء) سکاٹ لینڈ کے خلاف اگلے ماہ شیڈول 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کی شمولیت کا امکان نہیں ہے اور ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی زخمی بابر اعظم کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔تفصیلات کے مطابق حل ہی میں باﺅلنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شمولیت کا امکان نہیں تاہم سلیکٹرز محمد حفیظ کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ انہیں ورلڈ کپ کے پلان کا حصہ بنایا جائے،یہ بھی امکان ہے کہ محمد حفیظ کو زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں چانس ملے۔

بابر اعظم کے ان فٹ ہونے کے باوجود عمر امین کا بھی ٹیم میں شمولیت کا کوئی چانس نہیں ہے،فاسٹ باﺅلر رومان رئیس اورآل راﺅنڈر عماد وسیم بدستور ان فٹ ہیں جب کہ پیسر وہاب ریاض کو بھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ سکاٹ لینڈ سے میچز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں ہونے والے ٹی ٹونٹی میچوں کی پاکستانی ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور شعیب ملک، احمد شہزاد، عثمان شنواری، شاہین آفریدی، آصف علی، حسین طلعت اور محمد نواز پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

لیڈز ٹیسٹ سیریز کے بعد اظہر علی، اسد شفیق، سمیع اسلم اور راحت علی وطن واپس چلے جائیں گے جب کہ فاسٹ باﺅلر محمد عباس لیسٹر شائر کے لیے بقیہ میچ کھیلیں گے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم لیڈز ٹیسٹ کھیل کر مانچسٹر سے سکاٹ لینڈ جائے گی جہاں پاکستان اورسکاٹ لینڈ کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 12 اور 13 جون کو کھیلے جائیں گے۔