یورپی یونین سے اخراج کے نتیجے میں برطانیہ کو الیکٹرک کاروں کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بیلجیم کے تھنک ٹینک کی رپورٹ

بدھ 30 مئی 2018 11:20

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) بیلجیم میں قائم تھنک ٹینک ٹرانسپورٹ اینڈ انوائرمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے نتیجے میں اس ملک کو الیکٹرک کاروں کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بعد کار بنانے والی کمپنیاں برطانیہ میں اپنی کاریں فروخت کرنے میں دلچسپی کھو سکتی ہیں۔

تھنک ٹینک نے اس بارے خبردار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ادارے کے مطابق بریگزٹ کے بعد کار بنانے والوں کے لیے برطانیہ میں مضر صحت کاربن ڈائی آکسائڈ گیسوں کے اخراج کے حوالے سے یورپی یونین کے اہداف بے معنی ہو جائیں گے اور اسی کے نتیجے میں مقابلتاً کم اخراج والی ماحول دوست الیکٹرک کاروں کی برطانیہ میں فروخت میں دلچسی گھٹ سکتی ہے۔ تھنک ٹینک نے خبردار کیا ہے کہ بریگزٹ کے نتیجے میں برطانیہ کی اپنی کار ساز صنعت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک اندازے کے مطابق بریگزٹ کی تکمیل پر کسی باقاعدہ معاہدے کی عدم موجودگی کی صورت میں برطانوی آٹو سیکٹر سے وابستہ 6,700 افراد کی ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔