کیلا انرجی ڈرنکس کا صحت بخش متبادل ہے، طبی ماہرین

بدھ مئی 11:20

کیلا انرجی ڈرنکس کا صحت بخش متبادل ہے، طبی ماہرین
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) طبی ماہرین نے کیلے کو انرجی ڈرنکس کا صحت بخش متبادل قرار دیا۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کھیل کے میدان سے تعلق رکھنے والی اکثر شخصیات خود کو چست و توانا رکھنے کے لیے انرجی ڈرنک کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم جدید طبی مطالعات کے ذریعے ان مشروبات کا ایک قدرتی نعم البدل کیلا سامنے آیا ہے۔ کیفین سے بھرپور انرجی ڈرنکس کے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

صحت کے امور سے متعلق ویب سائٹ بولڈ سکائی نے 6 وجوہات بیان کی ہیں جو کیلے کو کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے لیے انرجی ڈرنکس کا متبادل بناتی ہیں۔ماہرین کے مطابق کیلے میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ کیلا کھانے کے نتیجے میں پٹھوں کی اکڑن سے جلد نجات حاصل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کیلے میں موجود انسداد سوزش خصوصیات انسانی جسم میں سوزش کو روکنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں جو بھاری ورزشوں کے بعد بڑی حد تک جنم لیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق کیلا فوری توانائی فراہم کرتا ہے،یہ وہ بنیادی وجہ ہے جس کے سبب کیلے کو انرجی ڈرنکس پر برتری حاصل ہے۔ یہ صحت بخش توانائی کا فوری ذریعہ ہے کیوں کہ اس میں قدرتی شوگر موجود ہے۔ ورزش کے بعد صرف ایک کیلا کھا لینے سے فوری طور پر توانائی بحال ہوتی ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ کیلا انسانی جسم کو اٴْن مشروبات کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر زہریلے مواد سے نجات دلاتا ہے جو کیمیائی مواد پر مشتمل ہوتے ہیں۔

کیلے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس انسانی جسم میں موجود بعض ضرر رساں مواد کے انسداد میں مدد دیتے ہیں۔ کیلا جسم کو مختلف مزمن امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کیلا انسانی جسم کے درجہ حرارت کو مثالی صورت میں منظّم رکھتا ہے۔ ورزش یا کھیل کے دوران جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے لہذا جسمانی سرگرمی کے بعد کیلا کھانے سے جسم پرسکون ہو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :