ن لیگ نے پارٹی ٹکٹ دینے کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا نام پارلیمانی بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا جب کہ مریم نواز پارلیمانی بورڈ کی ممبر ہیں،میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 30 مئی 2018 11:22

ن لیگ نے پارٹی ٹکٹ دینے کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ نے عام انتخابات میں ٹکٹیں تقسیم کرنے کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔جب کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو پارلیمانی بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ 24 ممبران پر مشتمل ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات کیلئے پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے موزوں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کیلئے 24 رکنی پارلیمانی بورڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین ہونگے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کے دیگر ارکان میں سینیٹر راجہ ظفر الحق، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال،، غلام دستگیر خان، اشفاق سرور، چوہدری شیر علی،، رانا ثناء اللہ خان، حمزہشہباز شریف،، مریم نوازشریف،، رانا تنویر حسین، پرویز ملک، بیگم عشرت اشرف،، بلیغ الرحمان، چوہدری سعود مجید، ملک ندیم کامران، ارشد لغاری، سائرہ افضل تارڑ، حنیف عباسی، برجیس طاہر، شاہ نواز رانجھا، میاں جاوید لطیف اور منشاء اللہ بٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا نام پارلیمانی بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا،تاہم قائد مسلم لیگ ن کی صاحبزادی مریم نواز اس پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہیں۔جب کہ پرویز رشید کو بھی پارلیمانی بورڈ سے آؤ ٹ کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے مریم نواز سے اختلافات کے باعث ان کو پارلیمانی بورڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔یاد رہے کہ چوہدری نثار خود ایک پریس کانفرس میں اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ تو کام کر سکتے ہیں تا ہم مریم نواز کے ماتحت کام نہیں کر سکتے۔