مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجی مجاہد کمانڈر سمیر احمد کی قبر پر نصب کتبہ رات کے اندھیرے میں لے اڑے، شہریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ، بھارتی پولیس نے پلوامہ سے تین نوجوان گرفتار کر لیے

بدھ 30 مئی 2018 13:53

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں لوگوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے مجاہد کماندر سمیر احمد بٹ المعروف سمیر ٹائیگر کی قبر پر نصب کتبے کی گمشدگی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں لوگوں کی ایک بڑ ی تعداد گائوں کے مرکزی چوک میں جمع ہو کر کتبے کی گمشدگی کے خلا ف سخت احتجاج کیا ۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوںکو بتایا کہ شہید کمانڈر کی قبر پر نصب کتبہ بھارتی فوج رات کے وقت نکال کر لے گئی ہے ۔ مظاہرین نے اس موقع پر آزادی کے حق میں اور کشمیر پر بھارت کے جبر ی قبضے کے خلاف نعرے لگائے۔ کتبے کی گمشدگی کے خلاف دربگام اور راجپورہ میںمکمل ہڑتال کی گئی۔

(جاری ہے)

دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔

دریں اثنابھارتی پولیس نے ضلع شوپیاں کے علاقے سوگان سے چار بچوں کے ایک والد سمیت تین افراد کو رات کے وقت گھروں پر چھاپوںکے دوران گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت الطاف احمد ، غازی محمد بٹ اور چار بچوں کے والد فاروق احمد نجار کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے پچال میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک سپیشل پولیس افسر کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔