بلدیہ ملیر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں، چیئرمین بلدیہ ملیر

بدھ 30 مئی 2018 14:03

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے،بلدیہ ملیر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم ،چیئرمین مالیاتی کمیٹی معراج محمد خان کے ہمراہ محکمہ سولڈ ویسٹ اور نجی ادارے کے افسران سے میٹنگ کے دوران کیا۔

میٹنگ میں ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر ،سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ایکس ای ایم اینڈ ای اقبال ڈائری اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچرا روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہوتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہی ٹھکانے لگایا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہماری گاڑیاں اور عملہ صبح سویرے ہی اپنے کار ِ منصبی کی انجام دہی پر مامور کر دیاجاتاہے،مرکزی و ذیلی شاہراہوں اور گلی محلوں کی کچرا کنڈیوں سے کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کا عمل شروع کر دیا جاتا ہے، لیکن جیسے جیسے کاروبار زندگی کا آغاز ہوتا ہے دوبارہ سے گھروں ، دکانوں اور صنعتوں کا کچرا و ملبہ کچرا کنڈیوں میں آنا شروع ہوجاتا ہے اگر یہ کچرا رات کے اوقات میں یا صبح سویرے ہی کچرا کنڈیوں میں ڈال دیا جائے تومہم صفائی ستھرائی کے سو فیصد نتائج حاصل کر سکتے ہیں ۔