ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے کیلئے حکومت اور اپوزیشن بھی مبارک کی مستحق ہے‘لاہور چیمبر آف کامرس

بدھ مئی 14:03

ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے کیلئے حکومت اور اپوزیشن بھی مبارک کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ناصر کھوسہ کو پنجاب کا نگران وزیراعلی مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے کے لیے حکومت اور اپوزیشن بھی مبارک کی مستحق ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ بیوروکریسی، سیاست، معیشت اور سماجی مسائل کے حوالے سے وسیع تجربہ اورعلم رکھتے ہیں، وہ اس سے قبل مختلف اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں جن کے دوران انہوں نے اعلیٰ معیار قائم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پنجاب کے معاملات کو چلانے کے لئے اس قدر تجربہ کار شخص کی نامزدگی کو سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ہرگز دو رائے نہیں کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پنجاب کو ملک کے سب سے بہترین حکومت والے صوبے کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم اُمید کرتے ہیں کہ نگران وزیر اعلی پنجاب ناصر کھوسہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے صوبہ کے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھیں گے۔