سرکاری اداروں سے بدعنوانی کا خاتمہ مشن ہے ،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن

شہداء کے لواحقین کی سہولت کے لیے ریجن بھر میںخصوصی کائونٹرز فعال کر دیئے گئے ہیں

بدھ 30 مئی 2018 14:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے شہداء کے لواحقین کی سہولت کے لیے شہداء کے خصوصی کائونٹرز فعال کر دیئے ۔ڈائریکٹر انٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم نے اے پی پی کو بتایاکہ شہداء کے لواحقین کے لیے ریجن بھر کے تمام دفاتر میں خصوصی کائونٹرز قائم کیے گئے ہیں ۔شہداء کے لواحقین کو کسی بھی سرکاری ادارے سے شکایت ہو تو وہ ان کائنٹرز سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں ۔

ان خصوصی کائونٹرز کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ شہداء کے لواحقین کو کسی بھی سرکاری ادارے سے لاحق شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے اور لواحقین کو کسی بھی طرح سے تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ڈائریکٹر انٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اداروں سے بدعنوانی کا خاتمہ مشن ہے ، سرکاری اداروں کے اہلکاروں یا افسران کی جانب سے رشوت وصولی کی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے کہا کہ کسی بھی رشوت خور کی گرفتاری کے لیے ’’ٹریپ ریڈ ‘‘سب سے موثر طریقہ کار ہے اور اس طریقے پر عمل در آمد کے لیے اقدامات کر لیے گئے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ راولپنڈی کے تمام سرکاری اداروں میں عوامی آگہی کے لیے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں عوام کو انسداد رشوت ستانی کے لیے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شکایات کے بروقت اندراج کے لیے وٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کوئی بھی شخص کسی سرکاری اہلکار کی جانب سے رشوت طلبی کی شکایت پر طے شدہ طریقہ پر عمل کر کے راشی افسر یا اہلکار کو موقع پر گرفتار کروا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :