راولپنڈی میں گرین پاکستان پروگرام کے تحت ہدف سے 300گنا زائد پودے لگانے کا ریکارڈ قائم

بدھ 30 مئی 2018 14:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) محکمہ جنگلات راولپنڈی نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ہدف سے 300گنا زائد پودے لگانے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔کنزرویٹر آف فارسٹ سائوتھ سرکل راولپنڈی ثاقب محمود نے گذشتہ روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعظم گرین پاکستان پروگرام کے تحت 260,000 پودے لگانے کا ہدف مقرر تھا تاھم محکمہ جنگلات راولپنڈی نے مجموعی ہدف کا 306فی صد حاصل کرتے ہوئے 10,56,000 پودے لگا ئے ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے محکمہ جنگلات جامع منصوبہ بند ی کے تحت زیادہ سے زیادہ رقبے پر شجر کاری میں مصروف ہے ۔ثاقب محمود نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت بہاریہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کا عمل کامیابی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ بہاریہ شجر کاری مہم جون کے اختتام تک جاری رہے گی ۔کنزرویٹر فارسٹ نے بتایاکہ گرین پاکستان پروگرام وزیراعظم کے احکامات پر ملک بھر میں شروع کیا گیاتھا تاکہ ملک کے وسیع تر رقبے پر جنگلات اگائے جا سکیں ۔انہوں نے بتایاکہ گرین پاکستان پروگرام اینوائرنمنٹ و کلائمیٹ چینج وژن 2025اور گیارہویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے (2013-18)کی روشنی میں بنایا گیا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،جنگلات کی اہمیت مسلمہ ہے کیونکہ یہ جنگلات پانی کے بہائو کا توازن برقرار رکھتے ہیں اور زمینی تحفظ ممکن بناتے ہیں ۔انہون نے کہاکہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت سول سوسائٹی ،طلباء اور محکمہ جنگلات کے حکام زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے لیے مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ فارسٹ سائوتھ سرکل کے حکام و اہلکار اپنی حدو د میں پودے لگانے کی سعی میں مصروف ہیں اور اس شجر کاری کا معائنہ محکمہ کے اعلیٰ حکام وقتاً فوقتاً کرتے ہیں ۔