ڈپٹی کمشنر ہری پور نے عوامی شکایات پر ضلع بھر میںدرزیوں کی من مانیاں ختم کرتے ہوئے انہیں نئے نرخوں کا پابند بنا دیا

بدھ 30 مئی 2018 15:49

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ نے عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر میںدرزیوں کی من مانیاں ختم کرتے ہوئے انہیں نئے نرخوں کا پابند بنا دیا، زائد نرخ وصول کرنے والوں کی دکانیں سیل کرنے سمیت انہیں جیل بھیجا جائے گا۔ اس حوالہ سے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں سید فیاض علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمن، صدر ہری پور پریس کلب ذاکر حسین تنولی، محمود خان ترین ایڈووکیٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن ہری پور ظفر مشوانی، ٹیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور ٹیلرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان ون ٹیلر کے نرخ 1100 روپے مقرر کئے گئے، اے کلاس رکھنے والے درزیوںکا ریٹ 800، بی کلاس کے نرخ 650 اور سی کلاس کیلئے 350 روپے ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح لیڈیز اے کلاس سوٹ کی سلائی 500 روپے اور لیڈیز بی کلاس کیلئے 450 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ نے اے ڈی کنزیومر پروٹیکشن ضلع ہری پور کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر دکان پر ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں کروائی جائے اور سرکاری مقرر کردہ ریٹ سے تجاوز کرنے والوں کی دکانیں سیل کی جائیں اور انہیں جیل روانہ کیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان ون ٹیلرز کی جانب سے من مانے ریٹ وصول کرنے کا سختی سے نوٹس لیا اور ہدایت جاری کی کہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اگر پاکستان ون ٹیلرز انتظامیہ 1100 سے زائد وصول کرے تو دکان سیل کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں طے شدہ ریٹس آج سے ہی نافذ العمل ہوں گے، عوام زائد نرخ وصول کرنے والے عناصر کی نشاندہی کریں ضلعی انتظامیہ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :