مسلم لیگ (ن) کے مکمل ہونے والے منصوبے آنے والے دور کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے، مرتضیٰ جاوید عباسی

بدھ 30 مئی 2018 15:49

مسلم لیگ (ن) کے مکمل ہونے والے منصوبے آنے والے دور کیلئے سنگ میل ثابت ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بننے والے منصوبے آنے والے دور میں سنگ میل ثابت ہوں گے، ہزارہ موٹر وے اور سی پیک نئے پاکستان کی بنیاد ہیں، قوم محمد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گی، آنے والی حکومت بھی مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے بنائے گی، ہزارہ الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کا قیام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ہزارہ کیلئے تحفہ ہے۔

یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ جن لوگوں نے سی پیک منصوبہ میں رکاوٹیں ڈالیں انہوں نے قوم کے ساتھ ظلم کیا، اگر یہ منصوبہ بروقت مکمل ہو جاتا تو آج ملک ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہوتا، مسلم لیگ (ن) اپنی پانچ سالہ کارکردگی سے بالکل مطمئن ہے، توقع رکھتے ہیں کہ عوام جولائی میں ہونے والے عام انتخابات میں نواز شریف اور ان کی ٹیم پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جھوٹے وعدوں کی بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے علاقہ میں ترقیاتی کام اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ انشاء الله مکمل کر دیئے ہیں، اہلیان علاقہ نواز شریف سے دلی لگائو رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نواز شریف نے بھی اس حلقہ کیلئے فنڈز دل کھول کر دیا ہے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ آئندہ الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے، انہیں امید ہے کہ اہلیان علاقہ بھی انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔