Live Updates

ہزارہ موٹر وے نواز شریف کی طرف سے اہلیان ہزارہ کیلئے انمول تحفہ ہے، آمنہ سردار

بدھ 30 مئی 2018 15:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کی سابق رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹر وے نواز شریف کی طرف سے اہلیان ہزارہ کیلئے انمول تحفہ ہے، ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والے آئندہ انتخابات میں بھی بری شکست سے دوچار ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والے صوبہ میں کہیں بھی تبدیلی نہ لا سکے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے عملی کر کے حقیقی تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے ہیں، آئندہ دور بھی مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اہلیان ہزارہ سے خصوصی لگائو تھا اور اسی خصوصی لگائو کا نتیجہ ہے کہ ہزارہ موٹر وے جیسا بڑا منصوبہ اہلیان ہزارہ کو دیا ہے، نواز شریف عوام کے دلوں میں بستا ہے، یہ فیصلہ بھی عوام آئندہ انتخابات میں کر دیں گے، ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والے آئندہ انتخابات میں بھی بری شکست سے دوچار ہوں گے، عمران خان کی چھتری تلے ملک بھر کے چور جمع ہو چکے ہیں، وہ انہیں چوروں کے ذریعہ نیا پاکستان بنائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات