جوڈیشل افسران غیر جانبدارو شفاف عام انتخابات کے انعقاد کیلئے پر عزم ہیں، رانا مسعود اختر

بدھ 30 مئی 2018 15:53

چیچہ وطنی۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ساہیوال رانا مسعود اختر نے کہا ہے کہ جوڈیشل افسران غیر جانبدارانہ اور شفاف عام انتخابات کے انعقاد کیلئے پر عزم ہیں اور وہ عوام کے اعتماد پر پور ا اترنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے ، انتخابات خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں تا کہ عوام اپنی پسند کے امیدوار کو بلا خوف و خطر منتخب کر سکیں اور انتخابی نظام پر ان کے اعتماد میں اضافہ ہو ، انہوں نے یہ بات ضلع ساہیول کیلئے قومی اسمبلی کی 3اور صوبائی اسمبلی کی 7نشستوں کے ریٹرننگ افسران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سول ججز کے علاوہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رانا عبدالغفار اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ کورٹس زاہد شفیع نے بھی شرکت کی ، انہو ںنے قومی اسمبلی کے حلقو ں این اے 147کے ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد محمو د، این اے 148کے رائو مبشر حسین اوراین اے 149کے محمد یعقوب جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 196کے سول جج ظفر مہدی،پی پی 197کے سردار نوید احمد ،پی پی 198کے تحمل حسین ،پی پی 199کے محمد آصف ،پی پی 200کے راشد بشیر ،پی پی 201کے مجیب الرحمن شاہ اور پی پی 202کے ریٹرننگ آفیسر سول جج محمد نذیر سے ان کے عہدوں کا حلف لیا، جس میں انہو ںنے انتخابات میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت سے اپنے فرائض ادا کرنے کا عہد کیا ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا مسعود اختر نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ عدلیہ پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور عدلیہ ان انتخابات میں بھی اس اعتماد پر کما حقہ پورا اترے گی ، انہوں نے تمام ریٹرننگ افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابی عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تا کہ انتخابی عمل کے دوران کسی انسانی غلطی کے احتمال کا امکان کم سے کم ہو۔