بھارت کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان محض ایک دھوکہ ہے ‘سیدعلی گیلانی

بی جے پی کی شہ پر بھارت نواز پی ڈی پی نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے

بدھ مئی 16:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے بھارتی فورسز کی جانب مقبوضہ علاقے میں سرکاری دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی کی شہ پر بھارت نواز پی ڈی پی نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شوپیان سوگن میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے شہریوں کے خلاف یلغاراوراملاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کارروائیاں صرف ذہنی مریض ہی کرسکتے ہیں ۔

انہوںنے بھارتی حکومت کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کو محض ایک سراب قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اپنی فورسز کو لگام دینے کی بجائے جنگ بندی کے مفروضے کا ڈھول پیٹ کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کرر ہاہے۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران بے لگام بھارتی فورسز کی غیر انسانی کارروائیوں سے ایک با ر پھر واضح ہو گیا ہے کہ جنگ بندی کا علان محض ایک دھوکہ کے سوا کچھ نہیں اور بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔

حریت چیئرمین نے آزادی پسند زینت الاسلام کے اہلخانہ کو تنگ طلب کرنے ، گھر میں توڑ پھوڑ اور املاک کونقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز اپنی بوکھلاہٹ کی وجہ سے ہر اخلاقی حد کو پار کررہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایک منصوبے کے تحت کشمیری عوام پر جنگ تھوپی جارہی ہے جبکہ دوسری طرف نام نہاد جنگ بندی کا ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے کہ مقبوضہ علاقے میں مارشل لا ء جیسی پابندیاںنافذ ہیں۔