یونیورسل پیس فائونڈیشن آف آسٹریا نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو امن کے سفیر کے خطاب سے نوازدیا

امید ہے جموں وکشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائیگا، سردار مسعود خان

بدھ مئی 16:17

ویانہ آسٹریا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) یونیورسل پیس فائونڈیشن آف آسٹریا کے صدر پیٹر ہائیڈر نے ایک تقریب میں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کو ان کی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں انہیں امن کے سفیر کے خطاب سے نوازا ہے۔ صدر مسعود خان ان دنوں انٹرنیشنل پیس کانفرنس میں شرکت کرنے اور وہاں کے مختلف تھنک ٹینکس کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کی غرض سے ویانہ آسٹریا کے سرکاری دورہ پر ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نے امن سفیر کے اعزاز کو قبول کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے گا اور جموں وکشمیر کے لوگ اپنی مادر وطن زمین پر امن دیکھیں گے۔ یونیورسل پیس فائونڈیشن ایسے افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کی زندگیاں دوسرے کی فلاح و بہبود کے لئے مثالی نمونہ پیش کرتی ہیں اور جو اپنے آپ کو اخلاقی اقدار ، بین الاقوامی ہم ااہنگی اور امن کلچر کے فروغ کے لئے وقف کرتے ہیں ۔ امن کے سفیر سردار مسعود خان نے نسلی، قومی اور مذہبی رکاوٹوں سے بالا تر ہو کر مشترکہ طور پر عالمی امن و امان کی بحالی اور اس کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔