کشمیری عظیم مقصدکیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں ، مختار وازہ

نوجوانوں کی بیش بہا قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، اجتماع سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 16:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی و مقامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے لاجورہ میں شہید ہونے والے نوجوان بلال احمد گنائی کے گھر پر لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصدکیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بیش بہا قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ بلال احمد کو حال میں پلوامہ کے گائوں کاکہ پورہ میں شہید کیا گیا تھا۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ۔ مختار احمد وزہ نے کہا کہ جب تک آرمڈ فورسز سپیشل پاورزایکٹ اور دیگر کالے قوانین منسوخ نہیں کیے جاتے کشمیریوںکا قتل عام جاری رہیگا۔