ْ یونیورسل پیس فائونڈیشن آف آسٹریاکا صدر آزاد جموں و کشمیر کیلئے امن کے سفیر کا خطاب

سردار مسعود خان کو امن و سلامتی کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میںیہ خطاب دیا گیا

بدھ 30 مئی 2018 16:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) یونیورسل پیس فائونڈیشن آف آسٹریا کے صدر پیٹر ہائیڈر نے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کو ان کی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں انہیں امن کے سفیر کے خطاب سے نوازا ہے۔ صدر مسعود خان ان دنوں انٹرنیشنل پیس کانفرنس میں شرکت کرنے اور وہاں کے مختلف تھنک ٹینکس کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کی غرض سے ویانا( آسٹریا) کے سرکاری دورہ پر ہیں۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے امن سفیر کے اعزاز کو قبول کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کو اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے گا اور جموں و کشمیر کے لوگ اپنی مادر وطن زمین پر امن دیکھیں گے۔ یونیورسل پیس فائونڈیشن ایسے افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کی زندگیاں دوسروںکی فلاح و بہبود کیلئے مثالی نمونہ پیش کرتی ہیں اور جو اپنے آپ کو اخلاقی اقدار، بین الاقوامی ہم آہنگی اور امن کلچر کے فروغ کیلئے وقف کرتے ہیں۔ امن کے سفیر سردار مسعود خان نے نسلی، قومی اور مذہبی رکاوٹوں سے بالاتر ہو کر مشترکہ طور پر عالمی امن و امان کی بحالی اور اس کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔