علی جہانگیر صدیقی نے امریکا میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

پاکستان کیلئے بیرونِ ملک خدمات کا 37 سالہ سفر بہترین رہا ہے ،ْ اعزاز احمد چوہدری

بدھ 30 مئی 2018 16:41

علی جہانگیر صدیقی نے امریکا میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) علی جہانگیر صدیقی نے چوہدری اعزاز احمد کی جگہ امریکا میں پاکستانی سفیر کا عہدہ سنبھال لیا۔سبکدوش ہونے والے پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ ان کا پاکستان کے لیے بیرونِ ملک خدمات کا 37 سالہ سفر بہترین رہا ہے، وہ گزشتہ ایک سال سے کچھ زائد عرصے سے امریکا میں پاکستانی سفیر کے طور پر تعینات تھے۔

13 مارچ 2017 کو واشنگٹن میں پاکستانی سفیر تعینات ہونے والے اعزاز احمد چوہدری نے بتایا کہ 14 ماہ اور 17 روزہ سفارتکاری کے اس عرصے میں جہاں پاکستان اور امریکا کے تعلقات انتہائی نازک موڑ پر رہے، وہاں میں نے جاں فشانی کے ساتھ اپنے ملک کا دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں کثیر جہتی حکمتِ عملی پر کام کیا اور امید ہے کہ نئے آنے والے سفیر بھی اس کے تحت کام کریں گے۔

(جاری ہے)

اعزاز چوہدری نے سفارتکاری کے دوران پاکستانی برادری سے قریبی تعلقات استوار کیے اور واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات انتہائی خراب ہونے کے باوجود پاکستان کے مفاد کو امریکا میں فروغ دینے کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔نئے سفیر جہانگیر صدیقی سے صحافی نے سوال کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے کیا اقدامات اٹھائیں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں جلد میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان میں نگراں حکومت انہیں ان کے عہدے پر برقرار رکھے گی تو انہوں نے اس بات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

متعلقہ عنوان :