ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے جسم پر جی پی ایس سسٹم لگا دیا

ہر کھلاڑی شرٹ کے اندر ایسی بیلٹ زیب تن کرے گا جس میں جی پی ایس ڈیوس لگی ہوگی

بدھ 30 مئی 2018 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فٹنس کا جائزہ لینے کیلئے کھلاڑیوں کے جسم پر جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ اینڈ پرفارمنس سسٹم لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ہاکی فیڈریشن نے 50 لاکھ روپے تک کا جی پی ایس خریدا ہے تاکہ دوران میچ یا ٹریننگ کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے اور کھلاڑی تھکاوٹ کا بہانا نہ بنائیں ،ْہر کھلاڑی شرٹ کے اندر ایسی بیلٹ زیب تن کریگا جس میں جی پی ایس ڈیوس لگی ہوگی۔

اس سے دوران میچ کھلاڑیوں کی فٹنس، دل کی دھڑکن، انرجی لیول جیسی معلومات جانچی جا سکتے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کے مطابق جی پی ایس سے کھلاڑیوں کی بہانے بازی پکڑی جائے گی تاہم اس کا مقصد ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر بنانا ہے۔ڈچ کوچ رولینٹ آلٹمنز اور فزیکل ٹرینر ڈئینل بیری کی درخواست پر یہ سسٹم منگوایا گیا ہے ،ْیہ نظام دنیا کی 19 ٹیمیں استعمال کرتی ہیں، پاکستان 20 ویں ٹیم ہوگی جو فٹنس کے لیے اس سسٹم کا استعمال کرے گی۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ ایک ہفتے تک بھرپور ٹریننگ کے بعد اب کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر کام کیا جارہا ہے