رمضان المبارک فلڈ لائٹ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلے جاری

بدھ 30 مئی 2018 16:44

لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام رمضان المبارک فلڈ لائٹ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلے گزشتہ روز بھی جاری رہے، ڈان باسکو ہائی سکول میں کھیلے جانیوالے ایونٹ میں گزشتہ روز ڈان باسکو اردو میڈیم اے، ڈی ایچ اے اور ڈان باسکو انگلش میڈیم نے اپنے میچز جیت لئے جبکہ یونیورسٹی آف لاہور کو برادرز کلب کیخلاف واک اوور ملا، پہلے میچ میں ڈان باسکو اردو میڈیم اے نے راوینز کلب کو کانٹے دار مقابلے کے بعد ایک پوائنٹس سے شکست دی، میچ کے پہلے کوارٹر میں ڈان باسکو نے حریف ٹیم پرسبقت حاصل کی جسے دوسرے کوارٹر میں راوینز کلب نے شاندار کھیل سے ختم کردیا، تیسرے اورآخری کوارٹر میں ڈان باسکو کے کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں یکے بعد دیگرے پوائنٹ سکورکرکے بازی اپنے نام کرلی، میچ کا مجموعی سکور 56-55 پوائنٹس رہا، دوسرے میچ میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم ڈی ایچ اے نے ڈان باسکو اردو میڈیم بی کیخلاف بآسانی 36-45 کے سکور سے کامیابی حاصل کی جبکہ آخری میچ میں ڈان باسکو انگلش میڈیم نے راوینزکلب کو 46-39 کے سکور سے زیر کیا، ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری سید مودود جعفری کے مطابق ایونٹ میں آج تین میچ کھیلے جائیں گے جن کا آغاز رات آٹھ بجے ہوگا۔