فرانسیسی صدر کے بیان کے بعد سعد حریری ایک بار پھر سعودی عرب آمد،

چند روزقیام متوقع

بدھ مئی 16:44

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) لبنانی وزیراعظم سعد حریری سعودی عرب روانہ ہو گئے جہاں وہ چند روز قیام کریں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات حریری کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ریاض میں وزارت عظمی سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد یہ حریری کا سعودی عرب کا دوسرا دورہ ہے۔لبنان میں نو برس بعد پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے بعد سعد حریری کو چند روز قبل تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دینے کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 6 مئی کو ہونے والے حالیہ انتخابات میں سعد حریری کے المستقبل گروپ نے اپنی ایک تہائی پارلیمانی نشستیں کھو دیں۔ اس کے مقابل حزب اللہ اور اس کے حلیفوں نے نمایاں کامیابی کویقینی بنایا۔حریری نے دسمبر 2016ء سے لبنان کی وزارت عظمی کا منصب سنبھالا ہوا ہے۔ ان کی پہلی حکومت کی تشکیل 2009ء میں ہوئی تھی جو 2011ء تک جاری رہی۔لبنانی وزیراعظم کا حالیہ دورہ فرانسیسی صدر کی جانب سے چند روز قبل دیے گئے بیان کو غلط ثابت کرنے کے لیے کافی ہے جس میں امانوئل ماکروں نے کہا تھا کہ سعد حریری سعودی عرب میں یرغمال تھے۔