الیکشن کمیشن نےنگراں وزیراعظم سےاثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں

نگران سیٹ اپ عہدہ سنبھالنے کے تین روز میں اپنے اثاثے فراہم کریں،نگران وزیراعظم اور وزراء اعلیٰ اپنے خاندان کے اثاثے بھی فراہم کریں۔ الیکشن کمیشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 مئی 2018 16:38

الیکشن کمیشن نےنگراں وزیراعظم سےاثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مئی 2018ء) :الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم سے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں،نگران سیٹ اپ تین روز میں اپنے اثاثے فراہم کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم جسٹس ر ناصرالملک کی نامزدگی کے ساتھ ہی ان سے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم اور نگراں وزراعلیٰ سمیت وفاقی و صوبائی وزرا عہدہ سنبھالنے کے تین روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

نگران وزراء نگران وزرااعلیٰ بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کے پابند ہیں۔الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم اور وزراعلیٰ سمیت ان کے خاندان سے بھی اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ واضح رہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اتفاق رائے سے جسٹس ر ناصرالملک کا نام بطور نگراں وزیراعظم کیلئے نامزد کیا۔

(جاری ہے)

پیرکو یہ اعلان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہاکہ آج بڑے فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے ،ْ پارلیمنٹ کی فتح ہوئی ہے، وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر نے اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے۔ یہ تاریخی فیصلہ ہے اور یہ آنے وقتوں میں ثابت کریگا کہ وہ پاکستان اور جمہوریت کے حق میں تھا اور یہ فیصلہ اس تسلسل کے حق میں ہے جس کی ہم سب خواہش رکھتے ہیں ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج ایک اہم دن ہے ،ْ نگران وزیر اعظم پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ چھ ہفتے سے مشاورت کا عمل جاری تھا۔ میری اور اپوزیشن لیڈر کی کئی ملاقاتیں ہوئیں انہوںنے اپنی جماعت اور لیڈر شپ سے مشاورت کی اور ہم نے بھی مشاورت کی اور یہ عمل چلتا رہا اس میں فیصلہ کر نا آسان نہیں تھا لیکن میں اپوزیشن لیڈر اوران کی جماعت اور دیگر اپوزیشن کا مشکور ہوں کہ الحمد اللہ اتفاق رائے پیدا ہوا ہے اورہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک ایسے شخص کا انتخاب کیا گیا جن کا ماضی بڑا واضح ہے اور ا ن کا کر دارنگران وزیر اعظم ملک اور جمہوری عمل کے حق میں ہوگا انہوںنے کہاکہ خاص طورپر سپیکر کا مشکور ہوں جنہوںنے اس پراسسز کو آئینی طریقے سے ہماری مدد کی اور اس اتفاق رائے میں ان کا بھی کر دار ہے ،ْپہلے دن کہا تھا جو فیصلے شاہ صاحب کرینگے وہی ہوگا ۔

اس موقع پر سید خورشید شاہ نے کہاکہ میں سپیکر سر دار ایاز صادق اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔انہوںنے کہاکہ سپیکر نے بھی اہم کر دار ادا کیا ہے۔آج تاریخی دن ہے۔