تحریک انصاف کا معروف خاتون اینکر کو قانونی نوٹس

نجی ٹی وی چینل کی اینکر غریدہ فاروقی کو تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے من گھڑت ٹویٹ کرنے پر قانونی نوٹس بھجوایا گیا

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان بدھ مئی 16:40

تحریک انصاف کا معروف خاتون اینکر کو قانونی نوٹس
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 مئی 2018ء) نجی ٹی وی چینل کی اینکر غریدہ فاروقی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مبینہ طور پر پشاور میں نگران وزیراعلی کے امیدوار سے تحریک انصاف کے وزیراعلی اور اپوزیشن لیڈر نے 25 کروڑ روپے لیے ہیں ۔جس کے بعد تحریک انصاف نے خاتون اینکر کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی اینکر غریدہ فاروقی کو تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے ۔

میڈیا کو جاری کردہ بیان میں تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے حوالے سے اینکر پرسن غریدہ فاروقی کی جھوٹ پر مبنی ٹویٹ پر تحریک انصاف نے فوری قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے اور فوری اور غیر مشروط معافی کیلئے اینکر غریدہ فاروقی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی کی ایماء پر ڈاکٹر بابر اعوان نے غریدہ فاروقی کو نوٹس بھجوایا ہے۔

اینکر غریدہ فاروقی کو قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات پر مبنی ٹویٹ فوری ہٹائے جائیں اور خاتون اینکر سے سات روز میں معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، معافی نہ مانگنے کی صورت میں ایک ارب ہرجانے کی کارروائی شروع کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے ۔جب کہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی کا کہنا ہے کہ خاتون اینکر غریدہ فاروقی کے الزامات جھوٹ پر مبنی اور قابل گرفت ہیں۔

ایک ایسا شخص جو اپنا سب کچھ داؤ پرلگا کر کرپشن کے خلاف لڑ رہا ہو اس کے خلاف ایسا بیان کیسے دیا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ غریدہ فاروقی اور دیگر کئی افراد نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ مبینہ طور پر پشاور میں نگران وزیراعلی کے امیدوار سے تحریک انصاف کے وزیراعلی اور اپوزیشن لیڈر نے 25 کروڑ روپے لیے ہیں ۔