ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس

ڈپٹی سپیکر نے رواں اجلاس کیلئے پینل آف چیئر مین کے ناموں کا اعلان کیا‘سپیکر و ڈپٹی سپیکر اسمبلی کی عدم موجودگی میں ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، ممبر کشمیر کونسل ملک پرویز اختر اور ممبر اسمبلی محترمہ نسیمہ خاتون اجلاس کی صدارت کر سکیں گے

بدھ 30 مئی 2018 22:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) بدھ کے روز آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس لاجنگ ہال اسمبلی ہاسٹل میں ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک و نعت شریف کے بعد ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے رواں اجلاس کے لیے پینل آف چیئر مین کے ناموں کا اعلان کیا، جس کے مطابق سپیکر و ڈپٹی سپیکر اسمبلی کی عدم موجودگی میں ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، ممبر کشمیر کونسل ملک پرویز اختر اور ممبر اسمبلی محترمہ نسیمہ خاتون اجلاس کی صدارت کر سکیں گے۔

سردار خان بہادر خان ممبر اسمبلی کی درخواست رخصت منظور کر لی گئی ۔ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے پوائنٹ آف آرڈر پر موقف اختیارکیا کہ قواعد کی دفعہ270کے تحت بلات قوانین وغیرہ کو اُردو ترجمہ کے ساتھ پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزارت قانون اور اسمبلی سیکرٹریٹ کو پابند کیا جائے۔ ممبر اسمبلی عبدالماجد خان نے کہا کہ دفعہ 33(2) کے تحت غیر قانونی طریقہء کار نہ اختیار کیا جائے۔

ہم13ویں ترمیم کا ریاست ، اسمبلی اور لوگوں کے وقار میں ساتھ دینا چاہتے ہیں۔ مشاورت کے ساتھ قانون سازی کی جانی چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر نے چوہدری عبدالمجید جو کہ بیرون ملک ہیں کی جگہ عبدالماجد کا نام کمیٹی میں شامل کیا۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور چوہدری جاوید اختر نے The Azad Jammu & Kashmir Interim Constitution (Thirteenth Amendment Act, 2018 کو مشترکہ اجلاس میں پیش کیا۔ ڈپٹی سپیکر اسمبلی کمیٹی آن بلز کے سُپرد کر دیا جس میں جائزہ لینے کے بعد ایوان میں رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔ ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر نے مشترکہ اجلاس کو یکم جُون2:00 بجے دن تک ملتوی کر دیا۔