اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، محمد حفیظ کی قومی ٹیم میں شمولیت کا امکان نہیں

ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کا زخمی بابر اعظم کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو شامل کرنے پر غور

بدھ 30 مئی 2018 22:41

اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، محمد حفیظ کی قومی ٹیم میں شمولیت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) اسکاٹ لینڈ کے خلاف 2ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کے آل رانڈر محمد حفیظ کی شمولیت کا امکان نہیں ہے اور ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی زخمی بابر اعظم کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم لیڈز ٹیسٹ کھیل کر مانچسٹر سے اسکاٹ لینڈ جائے گی، جہاں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 12اور 13جون کو کھیلے جائیں گے۔

بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان نہیں، تاہم سلیکٹرز محمد حفیظ کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ انہیں ورلڈ کپ کے پلان کا حصہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

یہ بھی امکان ہے کہ محمد حفیظ کو زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں چانس ملے۔تاہم بابر اعظم کے ان فٹ ہونے کے باوجود عمر امین کا کوئی چانس نہیں ہے۔

رومان رئیس اور عماد وسیم بدستور ان فٹ ہیں جبکہ وہاب ریاض کو بھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔توقع ہے کہ اسکاٹ لینڈ سے میچز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچوں کی پاکستانی ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور شعیب ملک، احمد شہزاد، عثمان شنواری، شاہین آفریدی، آصف علی، حسین طلعت اور محمد نواز پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔لیڈز ٹیسٹ سیریز کے بعد اظہر علی، اسد شفیق، سمیع اسلم اور راحت علی وطن واپس چلے جائیں گے جبکہ محمد عباس لیسٹر شائر کے لیے بقیہ میچ کھیلیں گے۔