کشمیر ی عوام پر بھارتی مظالم حدود سے تجاوز کر چکے ہیں‘ظالمانہ مظالم پر عالمی برادری کی پراسرار خاموشی لمحہ فکریہ ہے‘پیپلز پارٹی برطانیہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتی ہے

پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات زاہد مغل کی بات چیت

بدھ 30 مئی 2018 17:44

بریڈفورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات زاہد مغل نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام پر بھارتی مظالم حدود سے تجاوز کر چکے ہیں۔ظالمانہ مظالم پر عالمی برادری کی پراسرار خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔پیپلز پارٹی برطانیہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اور عالمی امن کے ٹھیکیداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی رکوائی جائے۔

تحریک آزاد ی کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکی ہے ۔آزادی کشمیریوں کا مقدر اور بھارتی ہتکھنڈے اور مظالم کشمیریوں کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے بیان میں کیا۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی اور مقبوضہ کشمیر کی آزاد ی کے لئے ہزار سال جنگ لڑنے کا اعادہ کیا ۔

آج پیپلز پارٹی کا ہرکارکن قائد عوام کے مشن کی تکمیل کے لئے آزاد کشمیر،پاکستان،یورپ وبرطانیہ سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کی آواز کو بلند کر رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی انتہاء ہو چکی ہے۔آئے روز کشمیری نوجوانوں کی شہادتیں بھارتی مذموم عظائم کی عکاسی کر رہے ہیں۔تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکی ہے اور انشاء الله کشمیریوں کی شہادتیں اور ان کا لہو بہت جلد رنگ لائیگا اور کشمیری آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے۔