میاں محمودالرشید نےنگراں وزیراعلیٰ کی ذمہ داری کپتان پرڈال دی

ناصرکھوسہ کا نام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دیا گیا تھا،،جلد بازی میں غلطی ہوگئی، اب ہم نام واپس لے رہے ہیں۔اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ مئی 16:54

میاں محمودالرشید نےنگراں وزیراعلیٰ کی ذمہ داری کپتان پرڈال دی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مئی 2018ء) : تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کی ذمہ داری عمران خان پرڈال دی۔ انہوں نے کہا کہ ناصر کھوسہ کا نام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نے اپنے ہی نامزد کردہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا ہے۔

پی ٹی آئی نے ناصر محمود کھوسہ کے نام کو متنازع گردانتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا نام نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید نے کہاکہ نامزد نام پر پارٹی اور باہر سے مخالفت کی آوازیں آرہی تھیں۔نئے نام پارٹی مشاورت کے بعد آج ہی سامنے آجائیں گے۔۔تحریک انصاف نے کامران رسول اور طارق کھوسہ کے ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی جانب سے سابق چیف سیکرٹری ناصرمحمود کھوسہ کانام دیا گیا تھا،جلد بازی میں غلطی ہوگئی۔

اب ہم نام واپس لے رہے ہیں۔دوسری جانب ایک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے ناصر محمو دکھوسہ کا نام دیکھا توانہوں نے وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے ذریعے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سے دوبارہ ناصر کھوسہ کے نام کی تصدیق کروائی۔ بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ناصر کھوسہ کا نام دیکھ کرشہباز شریف حیران رہ گئے۔

جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید کے درمیان ناصر کھوسہ کے نام پراتفاق پاگیا۔ اور دونوں نے پریس کانفرنس کے دوران ناصرکھوسہ کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔ اس کے برعکس وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آئین میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام واپس لینے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔