Live Updates

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں انقلابی اصلاحات کر کے محکمے کوماڈرن ادارہ بنا دیا‘مجتبیٰ شجاع

پراپرٹی ٹیکس انفارمیشن سسٹم کی کمپیوٹرائزیشن اورخالی پلاٹوں کے کمپیوٹرائزڈ این او سی کے اجرا سے عوام کو سہولت ملی موٹر گاڑیوں کے تمام ڈیٹا کی سنٹرلائزیشن اور پرکشش نمبروں کی ای آکشن سے محکمے کی آئوٹ لک بدل گئی‘تقریب سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 17:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں انقلابی اصلاحات کر کے محکمے کوماڈرن ادارہ بنا دیاگیا۔ محکمے کے ہر اقدام کا مرکزی نکتہ ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہے ۔ پراپرٹی ٹیکس انفارمیشن سسٹم کی کمپیوٹرائزیشن، پلاٹوں کے کمپیوٹرائزڈ این او سی کا اجراء ، صوبہ بھر میںموٹر گاڑیوں کے تمام ڈیٹا کی سنٹرلائزیشن اور پرکشش نمبروں کی ای آکشن جیسی عوام دوست اصلاحات سے محکمے کی آئوٹ لک بدل گئی ہے۔

گاڑیوں کی رجسٹریشن کے سمارٹ کارڈز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں شامل سکیورٹی فیچرزسے جعل سازی ختم ہو گئی ہے ۔اسی طرح گاڑیوں کی رجسٹریشن کی فائلوں کی سکیننگ کا کام آئوٹ سورس کر کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے کا ہدف حاصل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ سی ای آر پی پروگرام کے تحت محکمہ ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس دہندگان سے ان کے ٹیکس کے پیسے کے استعمال سے درکارشہری سہولیات کی فراہمی کی ترجیحات جاننے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے جسے عوام نے بہت پسند کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے الحمرا ہال میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نئے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری ایکسائز ڈاکٹر احمد بلال، ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول راجہ زاہد حسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مسعود الحق، چودہری منیر احمد چیئرمین پبلک فیسیلیٹیشن یونٹ اور پی آئی ٹی بی، اربن یونٹ اور ایل ڈی اے کے نمائندوں کے علاوہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرزاور ایکسائز انسپکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں اعلی کارکردگی پر افسران و اہلکاران میں اعزازی شیلڈزبھی تقسیم کی گئیں۔ صوبائی وزیر ایکسائز میاں مجتبیٰ شجاع نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2008کے محکمہ اور آج کے محکمہ ایکسائز میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ آج محکمہ کارپوریٹ کلچر کی طرح عوام کی دن رات خدمت میں کوشاں ہے ۔ ٹیکس کولیکشن کیلئے عالمی معیار کے سافٹ ویئر متعارف کرائے گئے ہیں جس میں پی آئی ٹی بی اور اربن یونٹ نے شاندار تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمے پاس 1.5ملین رجسٹرڈ گاڑیوں کا ریکارڈ، 4.8ملین رجسٹرڈ پراپرٹیز اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ رجسٹرڈ پروفیشنل اور بزنس مین کا ریکارڈ موجود ہے ۔ محکمہ ان معاملات کو نہایت مستعدی سے جدید انداز میں کمیوٹرائزڈ طریقے سے چلا رہا ہے ۔ محکمے نے گزشتہ پانچ سالوں میں 30ارب سے زائد ٹیکس اکٹھا کرکے حکومت کو دیا ہے ۔ گزشتہ پانچ سالوںمیں ہی ڈی وی آر ایس سسٹم کا آغاز، کسٹمر سروس سنٹرز کا قیام، جی آئی ایس کے تعاون سے ٹریننگ پروگرام، ہیلپ لائین کا آغاز اور ٹیکس کولیکشن میں ہر سال اضافے سمیت بیشمار اصلاحات کا نفاذ محکمے کے افسران و اہلکاران کی دن رات محنت اور مستقل مزاجی کے بغیر ممکن نہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے محکمہ سنبھالنے کے بعد جو اپنے سامنے اہداف رکھے وہ نوے فیصد پورے کر کے جا رہے ہیں۔ جبکہ ٹیکسز کی آن لائین ادائیگی، وینیٹی نمبر پلیٹس اور یونیورسل نمبر پلیٹس متعارف کرانے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی مدبرانہ اور متحرک قیادت میں صرف ایکسائز ہی نہیں بلکہ ہر محکمے اور ادارے میں بے پناہ کام ہوا ہے ۔

لاہو ر ہی نہیں بلکہ صوبے کے باقی اضلاع میں بھی شہباز شریف حکومت نے میگا پراجیکٹس مکمل کرائے ہیں۔ حکومت نے عوام سے اپنا لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کیا ہے ۔پنجاب کا کارکردگی میں صوبہ سرحد اور سندھ سے کوئی مقابلہ ہی نہیں۔ عمران خان نے سرحد اور زرداری نے سندھ کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ۔ ہماری وفاقی حکومت کی کوششوں سے ملک میں موٹر ویز بن رہی ہیں۔گوادر پورٹ ، ریلوے کی اپ گریڈیشن اور انرجی کے منصوبے ہماری کامیابیوں کی روشن دلیل ہیں۔ پاکستان کی شرح نمو 3.6 سے بڑھ کر 5.8تک پہنچ گئی ہے ۔ میاں مجتبیٰ شجاع نے کہا کہ ہمارا مقابلہ عمران وغیرہ سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے اور ہم آئندہ انتخابات میں خلائی مخلوق کو ووٹروں کی مدد سے شکست دیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات