نیوگوٹھ رائزنگ لائن کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ،میئر سکھر

بدھ 30 مئی 2018 17:39

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بلدیہ واٹر ورکس کے انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ واٹر ورکس ریزروائر ٹینک آدم شاہ نزد نادرا ہیڈ آفس سوسائٹی کی پھٹ جانے والی نیوگوٹھ رائزنگ لائن کی مرمت کا کام رات تک مکمل کرلیا جائے تاکہ شہر کے اہم علاقوں کو پانی کی جلد از جلد فراہمی ممکن ہو ، اس سلسلے میں ایگزیکٹو انجینئر و دیگر افسران ہیوی مشینری کا استعمال کریں ، ان ہدایات پر واٹر ورکس کا عملہ بلاتاخیر متاثرہ جگہ پہنچ گیا اور رات کو ہی پائپ لائن کی ہیوی ایکسیویٹر اور افرادی قوت سے کھدائی کے بعد مرمت کا کام شروع کردیا گیا ، پائپ لائن کے ارد گرد مکانات تعمیر کئے جاچکے ہیں ، کئی فٹ گہرائی میں دبی ہوئی پائپ لائن کے پانی کی نکاسی کے بعد متاثرہ پائپ لائن کی تبدیلی کے لئے مرمتی کام صبح سے جاری ہے ، نصف سے زائد کام کرلیا گیا ہے جو رات تک مکمل کرلیا جائے گا، اکرم عباسی، آغا جاوید ، علی حسن جمالی مرمتی کام کی نگرانی کررہے ہیں ، مرمت کے دوران شمس آباد، واری تڑ ، نیو گوٹھ، شاہ فیصل کالونی گولیمار اور ملحقہ علاقوں کو پانی کی فراہمی ممکن نہ ہوگی تاہم متبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :